پاک چین اقتصادی راہداری پر آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں نے تحفظات کے ڈھیر لگا دئیے، پرویز خٹک کہتے ہیں غداری کا الزام نہ لگایا جائے کسی نے سی پیک کیلئے رابطہ ہی نہیں کیا، اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت سے کئی وضاحتیں مانگ لیں- ۔
اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کے مسئلہ پر شہر اقتدار میں سیاسی جماعتوں کا اکٹھ ہوا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اعتراضات اٹھائے، وزیر منصوبہ بندی نے حقائق بتائے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سی پیک کیلئے رابطہ ہی نہیں کیا۔ حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ترقی کے مخالف نہیں لیکن ترقی کے نام پر کلچر تک بدلنے کا کیا حل ہے۔ آفتاب احمد شیر پاؤ نے کہا کہ طریقہ کار پر اختلاف ہے۔ میاں افتخار کا کہنا تھا کہ مغربی روٹ سے پہلے کوئی روٹ نہیں بنے گا۔ شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں، تاہم جس طرح بلوچستان کو مفلوج کیا جا رہا ہے وه افسوس ناک ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا کہنا تھا کہ روٹ پر بہت کنفیوژن ہے ۔