پاکستان کے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا ترقیاتی منصوبہ تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔ اس منصوبے سے دونوں ممالک میں تین ارب عوام کے لئے خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گئی اور خطے میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے صدر ِ پاکستان نے کہا کہ ۴۶ بلین ڈالر سے ۷۰ فیصد حصہ توانائی کے لئے مختص ہے جس کے ذریعے ۶ سے ۷ ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی ۔
پاک چین اقتصادی راہداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری چینی صدر ژی جن پنگ کاپاکستانی قوم کیلئے عظیم تحفہ ہے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر مذاکرات کے دوران پاک چین رابطہ کاری کو بڑھانے اور تجارتی و سرمایہ کاری روابط کو مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی ۔
مذاکرات میں صدر ممنون حسین کی معاونت وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، وزیراعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین سرمایہ کاری مفتاح اسماعیل، پنجاب کے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ، سلمان شہباز، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خزانہ و توانائی سید مراد علی شاہ، چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی و ترقی حسن نواز نے کی۔
اس موقع پر چینی صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کو ازسر نو تقویت دینے میں پاک چین راہداری منصوبہ اہم پیش قدمی ہے جوزندگی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ہو گا۔